شمیم حنفی کو کوئی بھلا نہیں سکتا

شمیم حنفی کو کوئی بھلا نہیں سکتا

بہ یاد پروفیسر شمیم حنفی مرحوم (بہ مناسبت یوم تولد)
تایخ تولد : 17 نومبر 1939
تاریخ وفات : 6 مئی 2021

احمد علی برقی اعظمی

شمیم حنفی کو کوئی بھلا نہیں سکتا
سب ان کو یوم تولد پہ کر رہے ہیں یاد
رہیں گے صفحہ تاریخ کی سدا زینت
تھے اپنے عہد کے وہ ایک زندہ دل استاد
فسردہ اس کے ابھی تک ہیں وہ در و دیوار
صبا شمیم کا گھر ان سے تھا جہاں آباد
گذشتہ سال وہ کورونا کے ہوگئے تھے شکار
جو ان کے چاہنے والے ہیں اب بھی ہیں ناشاد
خدا بلند کرے ان کے خلد میں درجات
ہو ان کی روح ہمیشہ وہاں پہ برقی شاد

دیگر

(بہ یاد بیدار مغز ادیب و ممتاز سخنور و نقاد عصر حاضر پروفیسر شمیم حنفی مرحوم) 
تاریخ تولد : ۱۷ نومبر ۱۹۳۹
تاریخ وفات ۶ مئی ۲۰۲۱

احمد علی برقی اعظمی

شمیم حنفی تھے عہد رواں میں مایۂ ناز
تھا ان کی طرزِ نگارش کا منفرد انداز
شعور فکر و نظر میں تھی ان کے گیرائی
تھی ان کی نقد و نظر اپنے وقت کی آواز
تھا ان کا عصری ادب میں مقام سب سے بلند
تھی ماورائے زماں ان کے ذہن کی پرواز
کتابیں اُن کی ہیں اردو ادب کا سرمایہ
تھے نظم و نثر میں یکساں وہ صاحبِ اعجاز
ہے ان کے نام کا برِ صغیر میں چرچا
جہانِ اردو میں تھی ان کی معتبر آواز
تھی دل نواز تغزل میں ان کے رعنائی
جو اُن کی ندرتِ فکر و نظر کی ہے غماز
تھا اُن کا رخش قلم تیزگام ہر لحظہ
تھے ہیچ جس کی نظر میں سبھی نشیب و فراز
تھا اُن کے سینے میں اک دردمند دل جس سے
ہے ان کی غزلوں میں عہد رواں کا سوز و گداز
تھے اپنے دور کے بیدار مغز ایک ادیب
یہی تھا عالمی شہرت کا ان کی برقی راز
برقی اعظمی کی یہ تخلیق بھی پڑھیں :تیرے ہوتے ہوئے بھی تشنہ لبی ہے ساقی

شیئر کیجیے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے