مصنف : شکیل الرحمن
(کتاب : ہندوستانی جمالیات جلد نمبر 1 صفحہ نمبر 117سے)
انتخاب و ٹائپنگ :احمد نعیم
رنگوں اور لکیروں سے لکھنے، نقشے تیار کرنے اور اپنے صحن یا آنگن کو سجانے کی روایت بہت قدیم ہیں گاؤں اور چھوٹے قصبوں اور چھوٹے بڑے شہروں میں عورتوں نے آج بھی اِن روایات کو زندہ رکھا ہے.
آہستہ آہستہ اُس کی فلسفیانہ اور مذہبی سطحیں بھی قائم ہوتی گئیں. عوامی ذہن نے مختلف عہد میں اِس فن میں نئے تجربے کیے ہیں. رفتہ رفتہ تصویریں بنیں دیوی دیوتاؤں کے نقوش بھی اُبھرے، اُن کی علامتوں کے پیکر سجے آج جس فن کو ہم "رنگولی" کہتے ہیں بلاشبہ یہ ایک قدیم فن ہے. ہندستان کے مختلف علاقوں میں اُس کی علاقائی اور دیسی روایتں موجود ہیں. قدیم عقائد اور توہمات سے اُس کا رشتہ بہت گہرا ہے. یہ لکیروں اور رنگوں کا فن ہے کہ جس میں عوامی رحجانات کا مطالعہ کرتے ہوئے مختلف عہد کے عقائد اور رسوم مختلف علاقوں کے حسّی اور نفس تصورات کے ساتھ لکیروں اور رنگوں کے تعلق سے جمالیاتی تجربات کی بھی پہچان ہوتی ہے. سنسکرت میں اِس قدیم رنگین فن کو "رنگاولی" __RanGAvalli کہا گیا ہے یعنی وہ بیل جو رنگوں سے تیار ہو. رنگوں کی لکیریں بیل کی مانند چڑھتی جائیں اور آہستہ آہستہ کسی دائرہ یا حلقے میں پھیل کر ایک یا ایک سے زیادہ تاثر کو ابھاریں. رنگولی ہمیشہ حسّی اور نفس تاثرات اُبھارتی رہی ہے. جب مذہبی اور فلسفیانہ سطحیں قائم ہوتی ہیں تو یہ تاثرات اور گہرے اور معنی خیز بن گئے ہیں.
ابتدا سے اس فن کا "مظاہرہ" زمین کے کینوس پر کیا گیا ہے اُس کے لیے صحن یا آنگن یا دروازے کے قریب زمین تیار کی گئی ہے. آج تو مختلف تہوار اور شادی بیاہ کے موقعوں پر عورتیں "رنگولی" سجاتی ہیں. شبِ عروسی کے کمروں اور رسوئی گھروں کو بھی رنگولی سے آراستہ کیا جاتا ہے.
اس فن کی ابتدائی صورت نسلی اور قبائلی عقائد اور رسوم کو پیش کرتے ہوئے قبائلی اور نسلی احساسِ جمال کو پیش کرتی رہی ہے. کوئی نہ کوئی موضوع ہوتا ہے جسے رنگوں اور لکیروں کی علامتوں میں پیش کیا جاتا ہے.
ولستائن (کام سوتر کا مصنف) VatsaYan نے "کام سوتر" میں جہاں عورتوں کے تعلق سے چونسٹھ 64 فنون کا ذکر کیا ہے اُن میں الکھیام ALEKHYAM کی جانب بھی اشارہ کیا ہے یعنی وہ فن جو رنگوں اور لکیروں کا فن ہو. ولستائن نے عورتوں کے چھٹے فن کو "رنگولی" کہا ہے اور یہ بتایا ہے کہ یہ بہت مقدس فن ہے. رنگولی لکیروں، خاکوں اور تصویروں کا یہ فن صرف دیوتاؤں کی خوشنودی کے لیے ہے. "کام سوتر” کے مصنف نے ایک اور فن کا ذکر کیا ہے کہ جس کا تعلق رنگوں سے ہے یہ منی کرما MANI KARMA کا فن ہے یعنی عورتیں رنگین اور خوب صورت پتھروں کو جمع کریں اور اُن سے نقشے اور تصویریں مرتب کریں. پتھروں کی ترتیب سے نقشے اور تصویریں اُبھر آئیں. یہ فن آج بھی بعض علاقوں میں زندہ ہے. عورتیں پتھروں کو سجاتے ہوئے انھیں رنگ بھی عطا کرتی ہیں. یہ بہت قدیم عقیدہ رہا ہے کہ ہر دن کسی نہ کسی سیارے کی گرفت میں ہے. کوئی دن ایسا نہیں کہ جس پر کسی سیارے اور ستارے کی گرفت نہ ہو، سیارہ یا ستارہ اپنی رحمتیں لیے ہوتا ہے، اگر اُن کی رحمتوں کو حاصل کرنا ہے تو ذات اور شخصیت اور رحمتوں کے پیش نظر رنگوں اور لکیروں سے نقشے تیار کیے جائیں، یہ نقشے انسان اور مخصوص سیارے میں ایک معنوی رشتہ پیدا کر دیتے ہیں اور وہ دن سیاروں اور انسان کے لیے اپنی رحمتوں کا دروازہ کھول دیتا ہے. اِس طرح سیاروں کی علامتیں خلق ہونے لگیں. جو انسان اور کائنات اور مظاہر فطرت کی "وحدت" کا احساس عطا کرنے لگیں. ہندستانی تجربوں اور جمالیات میں وحدت اور جمالیاتی وحدتی کا تصور بہت قدیم ہے. اس حسّی تصور نے صدیوں کے سفر کے بعد مذہبی اور فلسفیانہ سطحوں کو واضح کیا. "آفتاب" ہندستانی ذہن و شعور میں ہمیشہ جذب رہا ہے. یہی وجہ ہے کہ سفر کی علامتیں زیادہ اہمیت اختیار کر گئیں. ابتدا میں رنگوں اور لکیروں کے فن میں خاص پودوں کو بھی شامل کیا جاتا تھا. مختلف قبیلوں میں بعض پودوں کو حد درجہ مقدس جانا جاتا تھا. ایسے پودوں کی خاص دیکھ بھال کی جاتی تھی. اور اُن کی ہیئت "توتم __" ToTEM کی ہوگئی تھی، رفتہ رفتہ تلسی کے پودوں نے زیادہ اہمیت اختیار کرلی اور تمام دوسرے پودوں پر اُسے فوقیت حاصل ہوگئی. آج بھی رنگولی میں تلسی کے پودوں کو نمایاں جگہ حاصل ہے.
مہابھارت میں رنگوں اور لکیروں کے اس فن کا ذکر ملتا ہے. کچھ اس طور کہ محسوس ہوتا ہے کہ اُس کی روایات پہلے سے قائم تھیں. گوپیوں سے جب کرشن الگ ہوگئے تو جدائی کے اِس غم کو فراموش کرنے کے لیے گوپیوں نے اسی فن کا سہارا لیا اور رنگ اور لکیروں کے اس فن میں گم ہوجانے کی کوشش کی اور جب کرشن کے لوٹنے کی خبر ملی تو اُن کے استقبال کے لیے ایک "رنگولی"سجائی گئی.
"چتر ستر"__CITRASUTRA میں رنگوں اور لکیروں سے کینوس تیار کرنے کے سلسلہ میں جو ہدایتیں ہیں وہ بھی اس فن کی جانب واضح اشارہ کرتی ہیں. "وشنو دھر مُْوتر پران" نے نیتر، بھومی چتر اور نوگرہ (نوسیارہ) کے سلسلہ میں ہدایتیں دیتے ہوئے بتایا ہے کہ زمین رنگوں اور لکیروں کے فن کے لیے کتنی اہمیت رکھتی ہے اور اُسے کس طرح کینوس کی طرح استعمال کرنا چاہیے. وشنو کو جس طرح کائنات کے اسٹیج پر پہلا اداکار سمجھا جاتا ہے اُسی طرح انھیں پہلا مُصور بھی کہا جاتا ہے. رنگولی کے فن میں تلسی یا کسی بھی مقدس پودے کے شامل ہوتے ہی "وشنو" کا امیج جذب ہوگیا. انھیں تو بعض پودوں میں اِس طرح محسوس کیا گیا ہے کہ یہ پودے اُن کے پیکر بن گئے ہیں. جس طرح وشنو کو لکشمی عزیز ہیں. اُسی طرح عابد کو تلسی یا کوئی اور مقدس پودا عزیز ہے. "رنگولی" کے فن میں وشنو کے ساتھ لکشمی بھی شامل ہوگئیں. چونکہ ابتدا سے عورتوں نے اس فن کو عزیز رکھا ہے، اس لیے لکشمی نے زیادہ اہمیت اختیار کرلیں. یہ دیوی مادّی آسُودگی عطا کرتی ہیں. دولت اور عزت اور گھر کی خوش حالی کا سرچشمہ ہیں. لہذا اُن کے لیے مختلف سماجی ماحول میں مختلف قسم کی رنگولی تیار کرنے کی روایتیں موجود ہیں. ہندوستانی جمالیات میں مختلف سماجی زندگی اور طبقاتی ماحول کے پیش نظر اِس فن کا مطالعہ نہیں ہوا ہے. ورنہ قدیم جمالیاتی احساس و شعور کی جانے کتنی جہتوں اور جانے کتنی روایتوں کی پہچان ہو جاتی. تصویر نگاری اور مصوری کے فن کے پس منظر میں عوامی حسّی تجربوں اور رنگوں اور لکیروں نقشوں اور علامتوں کی روایات بہت اہمیت رکھتی ہیں. یہ سب ہندستان کے کلچر کی گہرائیوں میں پیوست ہیں. اُن کے مطالعے سے قدیم عقائد اور توہمات کے ساتھ قدیم احساسِ جمال کی بھی پہچان ہوگی. جمالیات کے تعلق سے بعض رنگین نقشے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں. احساسِ حُسن کی پہچان کے لیے بعض بنیادی خصوصیات بہت اہم بن جاتی ہیں. کچھ نقشے سادہ ہوتے ہیں اور اکثر بہت حد تک پیچیدہ!! عورتیں صبح اٹھ کر اپنے دروازوں پر اپنے شوہر اور بچوں کی صحت اور خوشیوں کے لیے رنگولی سجاتی ہیں. دیوی، دیوتا جب صبح سویرے گھر کے اندر قدم رکھیں تو اپنے پیکروں کو پہچان لیں. ایسے نقشوں پر قدم رکھ کر اندر آئیں. گھر کی عورت کی آرزو جان لیں اور اُسے پوری کریں. یہ رنگین لکیریں اور صورتیں بھگوان بن جائیں. علامتوں کے وجود میں آتے ہی اِن میں جذب ہوجائیں. محسوسات کی دنیا اس طرح پھیلی کہ خود یہ رنگین لکیریں اور علامتیں بھگوان بن گئیں. کوئی علامت لکشمی بنی تو کوئی وشنو!!
ہندستان میں عوامی احساسِ جمال نے صرف مندروں اور بدُھ خانقاہوں کو حُسن نہیں بخشا بلکہ اپنے گھروں کو بھی سنورا سجایا اور انھیں بھی اپنے احساس جمال کا تقدس عطا کیا. ہندستان کے ساحلی علاقوں میں یہ روایات ابھی زندہ اور متحرک ہیں. تمل ناڈو میں "کولم KOLAM" ہو یا گجرات میں رنگولی! بنگال اور آسام میں”اَل پنا "__ Alpana" ہو یا بہار میں”آری پنا ARIPANA" سب اِن ہی روایتوں سے وابستہ ہیں. کیرالا (کولم) مہاراشٹر (رنگولی) راجستھان (مَن ڈنا) MaNDANA اور آندھراپردیش (موگولوں MUGLU) میں یہ روایت آج بھی محترک ہے. علاقائی تجربوں کا اختلاف بھی توجہ طلب ہے، اِس لیے کہ یہ سب اِس بڑے ملک کے جمالیاتی تجربوں کی خصوصیتوں کو اپنے اپنے انداز میں پیش کرتے ہیں. ہر علاقائی جمالیاتی تجربے کے پس منظر میں تمدنی تہذہبی قدروں کی بنیادی اور امتیازی خصوصیات موجود ہیں. جو مختلف مذہبی اور ثقافتی روایات کی خبر دیتی ہیں. خاکہ نگاری اور رسومات کی رنگا رنگی کی آمیزش کے جلوے توجہ طلب ہیں. ساحلی علاقوں میں آج بھی جذباتی اظہار کی وسعتوں کے لیے روزانہ یہ عمل جاری ہے. خاکوں میں قدیم مذہبی اور تمدنی علامتیں موجود ہیں. کہا جاتا ہے کہ دوسری صدی عیسوی میں چولا خاندان میں "رنگاولی" یا "کولم" کو بہت اہمیت دی گئی. راج درباروں سے مندروں تک اور مندروں سے عوام کے گھروں تک "کولم" سجائے جانے لگے. انفرادی اور اجتماعی مذہبی اور ثقافتی تجربوں کو پیش کیا جانے لگا.
اس قدیم رنگین عوامی فن کے پس منظر میں "نیتروں" اور "منڈلوں" کی روایات ہیں. کائنات اور داخلی توانائی کے رشتے نے اس فن کو بڑی تقویت بخشی. رفتہ رفتہ "یوگ" کے اثرات بھی ہونے لگے اور کولم "رنگولی" ___”رنگاولی" اور "موکوتو" وغیرہ میں یوگ کے تعلق سے علامتیں بھی مختلف صورتوں میں اُبھرنے لگیں. دیوی دیوتاؤں کے حسّی پیکروں کی علامتیں بہت اہم بن گئیں. آنگن ہو یا پُوجا گھر، رسوئی ہو یا تلسی کی عبادت کرنے کی جگہ، دیواریں ہوں یا درختوں کے نیچے کی دھرتی ہر جگہ عوامی احساسات اور جذبات کے نقشے اور لکیریں اُبھرنے لگیں اب تو رنگولی یا "کولم" سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر آگئی ہے. ابتدائی دور میں جب پہلی بار کائنات اور دھرتی اور انسان کے خوب صورت رشتے کی وحدت کا احساس پیدا ہوا ہوگا، اُس وقت معلوم نہیں کس قسم کے خوب صورت نقشے اور حسین اقلیدسی سی صُورتیں اُبھری ہوں گئی. لیکن آج مختلف موسموں اور مختلف واقعات کے پیش نظر جو ” کولم" یا "رنگولی" سجائی جاتی ہے، اُن کا مشاہدہ کرتے ہوئے یہ یقیناً محسوس ہوتا ہے کہ فطرت کی قوتوں کو بیدار کرنے اور اچھے موسموں کے آنے کے وقت رنگولی سجائی جاتی ہوگی، مثلاً آج بھی بہار کی آمد بہت اہمیت رکھتی ہے اور اُس کا استقبال رنگولی سے ہوتا ہے. اچھی بارش اور اچھی فصل کی آرزو لے کر بھی رنگولی بنانے کا رواج موجود ہے. ہر واقعے کے لیے اُس کے مطابق مجرّد علامتیں ملتی ہیں. شادی بیاہ، بچوں کی پیدائش اور مہمانوں کے استقبال کے لیے رنگولی سجانے کا رواج بہت پرانا ہے. مختلف واقعات کے لیے رنگولی کی تیکنیک بھی مختلف ہوتی ہے اور ساتھ ہی موتف Motifs میں بھی تبدیلی ملتی ہے ملتی ہے. رنگولی یا کولم وغیرہ کے اسالیب میں حد درجہ تجریدیت ہے. نقطے، لکیریں، مربعے، دائرے، اور زاویے، اور کنول یا پاؤں کے نشانات، علامتی "سواتیکا" چاند، ستارے، سورج؛ سب پرُاسرار سرگوشیاں کرتے ہوئے جمالیاتی انبساط اور جمالیاتی آسودگی عطا کرتے ہیں. پتوں، درختوں، پھولوں، پودوں، پرندوں، اور جانوروں کی بھی جانے کتنی علامتیں ملتی ہیں.
اس خوب صورت رنگین فن میں رنگوں کے عوامی احساس کے ساتھ دو بڑی دیویاں اپنی علامتوں کے ساتھ شامل ہوئیں. دولت کی دیوی لکشمی کے پاؤں کے نشانات جلوے بنے. دو منسلک زاویوں اور کنول کے چوبیس 24 پتوں سے لکشمی کے مجرد پیکروں کو اُبھارا گیا. سرسوتی جو علم کی دیوی ہیں وہ بھی دو منسلک زاویوں لیکن کنول کی سولہ 16 پتوں کے ساتھ اپنی مجرد صورت میں آتی ہیں. کبھی کنول کے پتے نہیں ہوتے بس ایک نقطہ ڈال دیا جاتا ہے. جو اپنی فطرت میں ایک روشنی اور شعاعیں عطا کرنے والا ہمہ گیر دائرہ ہے. عظیم دائرے کے ارتقا اور اُس کی وسعتوں کو ایک نقطے سے سمجھا دیا جاتا ہے. درگا کے مجرد پیکر اور حسّی تصور کو عموماً "سواتیکا" کی علامت میں پیش کیا جاتا رہا ہے. "سواستیکا” خوب صورت اور رنگین لکیروں اور دائروں میں اٹھارہ 18 نقطوں میں ہوتا ہے. نو 9 نقطے عمودی Vertical ہوتے ہیں اور دوسرے نو 9 اُفقی HORIZONTAL (درگا کے نو نام) درگا کے لیے جو رنگاولی سجائی جاتی ہے اُسے عام طور پر نو دن رکھا جاتا ہے. رنگاولی میں شیو کا حسّی پیکر بھی شامل ہوا اور مختلف اقلیدسی صورتیں مختلف رنگوں میں جلوہ گر ہونے لگیں. شیو کی علامت کی پہچان مشکل نہ ہوتی. نٹ راج کے رقص کے کئی چکر دائروں میں نظر آتے ہیں. دائروں کے اندر مربعے بھی ہوتے ہیں، جو غالباً رقص کی معنویت کی پیچیدگیوں کو سمجھاتے ہیں. عموماً کئی لکیروں کے نشیب و فراز نظر آتے ہیں. جو زندگی کے وسیع سمندر کی تیز تر لہروں کو سمجھاتے ہیں. سوریہ (سورج دیوتا) کو دائروں کے چکر سے سمجھایا گیا ہے. علاقائی دیویوں اور دیوتاؤں کے حسّی پیکر بھی اہمیت رکھتے ہیں. مثلاً بنگال میں منوسا MANOSA دیوی کی عبادت ہوتی ہے، جو سانپوں اور ناگوں کی دیوی ہیں. لہذا ناگ پنچمی کے تہوار کو مناتے ہوئے مختلف قسم کی رنگولی سجائی جاتی ہے اور ناگ کے پیکروں سے منُوسا دیوی کی مجرد تصویر اُبھاری جاتی ہے. مدھیہ پردیش میں مربعوں کے ذریعے مقامی دیوی اور مقامی دیوتاؤں کے مجرد تصویریں بنُتی ہیں، پالانی PaLANI کے ڈھول کے نقش کو مربعوں سے اُبھارا جاتا ہے.
راجستھانی "مندانا" میں نیلے رنگ کی شدت ملتی ہے سبز اور سیاہ رنگوں کے درمیان نیلے رنگ کی تیزی جاذبِ نظر بن جاتی ہے. تامل ناڈو کے "کولم" میں سرخ رنگ زیادہ اہم ہے. کیرالا میں پھولوں کو سجا کر مختلف رنگوں کے تئیں بیدار کیا جاتا ہے____! مدھیہ پردیش میں پھلوں کے رنگوں کو اہمیت دی جاتی ہے اور سبزیوں کے مختلف رنگوں کو بھی شامل کیا جاتا ہے.
مختلف علاقوں کی تصویر کاری کے پس منظر میں منڈل "سنیتر"اور رنگاولی کی قدیم روایات نظر انداز نہیں کی جاسکتیں، قبائلی تصویر نگاری اور جدید عہد تک اس کی روایات کا بھی بہتر مطالعہ نہیں ہوا ہے ورنہ قبائلی احساسِ جمال کو اب تک ہندستانی جمالیات میں ایک نمایاں حیثیت حاصل ہوچکی ہوتی، قبائلی جمالیات نے بھی لکیروں، نقشوں اور رنگوں کے ساتھ اساطیری نقوس کی ایک بڑی انجمن سجائی ہے. قدیم قبائلی تصویر نگاری میں مختلف عقائد اور رسومات نے اپنے رنگ بھرے ہیں. لوک کہانیاں اپنے پیکروں اور رنگوں کے ساتھ نمایاں ہوئی ہیں. تجریدی اور نیم تجریدی رنگین نقوش کے جلوے بنے ہیں. آج بھی مٹی کے گھروں کی دیواروں پر رنگین تصویریں بنائی جاتی ہیں، جو قدیم اور قدیم ترین قبائلی جمالیات روایات کی خبر دیتی ہیں. جھونپڑیوں کی مٹی کی دیواریں، رنگاولی کی خصوصیات کے ساتھ سجائی جاتی ہیں. قبائلی زندگی میں مقامی دیویوں اور دیوتاؤں، درختوں، پودوں، مکانوں، کھیتوں، پرندوں، اور جانوروں کے دل چسپ رنگین پیکر ملتے ہیں. رنگوں کو تیار کرنے کے اپنے پرانے طریقے ہیں جن میں گوبر کا استعمال بھی ہوتا ہے. قبائلیوں نے اپنے رقص کے مختلف انداز کو ہمیشہ عزیز رکھا ہے. اسی طرح اپنی چھوٹی چھوٹی پرانی کہانیوں کو زندہ رکھا ہے. دیواری تصویروں میں رقص اور کہانیاں بہت اہمیت رکھتی ہیں. دیوی دیوتاؤں کے جلال و جمال اور عقل مند جانوروں اور پرندوں کے جانے کتنے قصّے رنگین تصویروں میں نمایاں ہوئے ہیں. بعض قصوں اور کہانیوں کی علامتیں وجود میں آگئی ہیں اور یہ علامتیں ذہن کو پرانی کہانیوں تک لے جاتی ہیں. تمدنی اور تہذیبی زندگی کے ارتقا کے ساتھ دوسرے علاقوں کے قصّے بھی شامل ہوتے گئے ہیں. رامائن، مہابھارت، اور پنچ تنتر کے کردار بھی آتے ہیں،
عورت تخلیقی توانائی کا مرکزی پیکر بن گئی ہے، روزانہ زندگی کے واقعات اور حادثات بھی شامل ہوتے رہے ہیں. بعض علاقوں میں مٹی کی دیواروں پر مقامی عظیم ماں بہت اہمیت اختیار کر گئی ہے. عظیم ماں کا رنگین پیکر نقش ہو جاتا ہے تب ہی شادی ہوتی ہے. اچھی فصل کے لیے بھی اُن کی تصویر بناکر عبادت کی جاتی ہے. کھیتوں میں بیج ڈالنے سے قبل ان سے دعائیں مانگی جاتی ہیں، گجرات میں ___”رتھوا قبیلے The RathVas" کے فنکار اسی طرح اپنی تصویر نگاری کی قدیم روایات کو عزیز رکھتے ہیں جس طرح مدھیہ پردیش کے ” بھیل BABOIND" اور بابو پتھر حد درجہ متحرک حسّی پیکر ہیں، جو تصویروں میں قدیم قصوں کی اساطیری خصوصیتوں کو لیے ہوئے ہیں. گھروں کو تصویروں سے سجانے اور انھیں مناسب رنگ دینے کی روایات بہت قدیم ہیں. گھروں کی دیواروں پر قدیم کہانیاں اپنے رنگوں کے ساتھ مکمل طور پر نقش ہوتی رہی ہیں. دیواروں کی رنگین تصویریں محض آرائش و زیبائش کے لیے نہیں ہیں بلکہ نسلی اور اجتماعی تجربوں کو بھی لیے ہوئے ہیں. لہراتی ہوئی لکیریں ہوں یا رنگین اقلیدسی نقشے، سب اپنی معنویت کو لیے ہوئے ہیں اور نسلی اور اجتماعی تجربوں کی خبر دیتے ہیں.
ہندوستانی مصوری پر قبائلی اور علاقائی تصویر کاری کی انگنت جہتیں اثر انداز ہوئی ہیں. اس لیے بھی کہ علاقائی اور قبائلی مصوری اجتماعی شعور اور اپنے [؟] کی پیداوار ہے. قبائلی مصوری میں ہندستان اپنے مختلف رنگوں کے ساتھ ملتا ہے، صورت، جامد نہیں ہوتی متحرک ہوتی ہے. پیکر اپنے عمل کو نمایاں کرتے ہیں. ابتدائی فکر کی زرخیزی توجہ طلب بن جاتی ہے. زمین، عورت، مرد، بچے، جانور، کھیت، کھلیان، کسان اور بادل، زندگی کی تخلیق، ہل بیل، اور زندگی اور موت وغیرہ ہر جگہ بنیادی موضوعات رہے ہیں. زندگی کے جانے کتنے مظاہر مختلف لکیروں، نقشوں پیکروں اور رنگوں میں نمایاں ہوئے ہیں. چھوٹا ناگپور قبائلی حلقوں میں قدیم کہانیاں اور لوک کہانیاں بہت اہمیت رکھتی ہیں. یہ کہانیاں رقص میں بھی پیش ہوتی ہیں اور تصویروں میں بھی. دیواروں پر مختلف لکیروں اور رنگوں سے تصویریں بنانے کا رواج یہاں بھی بہت قدیم ہے. بنگال، بہار اور اڑیسہ کے __”سنھتال، بھومج، منڈا، اور اڑاؤں" قبیلوں کو لکیروں اور رنگوں کی ایک بڑی میراث حاصل ہوئی ہے. دیواروں پر تجریدی اور نیم تجریدی اور واضح اور صاف تصویریں بنانے کا رواج آج بھی موجود ہے. رنگوں کے انتخاب میں اجتماعی شعور کی کارفرمائی توجہ طلب ہے. اقلیدسی نقوش بھی انھوں نے ماضی سے حاصل کیا ہے. جن میں تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں. مچھلیاں اور پھول اور پتےّ اقلیدسی نقوش کی بنیاد ہیں. اُن کی تصویر نگاری مادی زندگی میں پیوست ہے. تخیلی جانور اور پرندے نہیں ملتے، وہی جانور اور پرندے نقش ہوتے ہیں جو حقیقی ہیں، جنھیں وہ دیکھتے اور محسوس کرتے ہیں. مختلف قسم کے سماجی موضوعات توجہ طلب بن جاتے ہیں. رقص کی اداؤں اور رقص کے متحرک کی اَن گنت تصویریں ملتی ہیں جو اپنے رنگوں کی زرخیزی سے زندگی کی مسرتوں اور لذتوں کی جانب اشارہ کرتی ہیں. تیر کمان، سّور، ہرن، شیر، اور دولہا دولہن، وغیرہ بھی ہمیشہ بینادی موضوعات بنے رہے ہیں. دیواری تصویروں کے ساتھ صحن میں بھی رنگین تصویریں، پھولوں؛ اور پتوں کی صورتوں میں اُبھاری جاتی ہیں. لیکن پھول اور پتے بہت حد تک تجریدی ہوتے ہیں. دائروں، مربعوں، زاویوں اور لہراتی ہوئی لکیروں میں موضوع پوشیدہ رہتا ہے. دائروں کی تعداد اکثر اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ پہلا تاثر یہ ہوتا ہے جیسے ہم کسی پھول کا مشاہدہ کر رہے ہیں.
چھوٹے قبیلوں اور اُن کی برادری اور خاندان کے مختلف حلقوں کی اپنی اپنی علامتیں ہوتی ہیں اور یہ علامتیں عموماً جنگلوں کی زندگی سے رشتہ رکھتی ہیں. درخت، پودے، پرندے، جانور، سانپ، کچھوے اور بھینس، وغیرہ کی علامت قبائلی علامتوں CLan Symbol s کی صورتوں میں ملتی ہیں. اگر کوئی قبیلہ یا کسی قبیلے کی کوئی برداری کسی خاص درخت یا کسی مخصوص جانور کو عزیز رکھتی ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کا تعلق اُن کی روایات اور اُن کی لوک کہانیوں سے بہت ہی گہرا ہے، بعض درخت اور جانور اتنے عزیز ہیں کہ تیبو ____TABOoS بن گئے ہیں. انھیں کاٹنا یا مارنا گناہ تصور کیا جاتا ہے. تہواروں پر اُن کی رنگین تصویریں اُبھاری جاتی ہیں. وقت کے ساتھ اُن کی علامتی اہمیت کم ہوتی گئی اور اُن کی حیثیت موتف MOTIFS کی رہ گئی ہے. قبائلی فنکار آرائش و زیبائش کے لیے اُن کے رنگین پیکر اُبھارتے ہیں. رامائن، مہابھارت اور پنچ تنتر، کے کردار بھی اُن میں شامل ہوگئے ہیں.
ہندستان میں دیواری تصویروں کی جو داستان غاروں سے شروع ہوئی، وہ مختلف قبیلوں کے گھروں کی دیواروں تک آئی ہے اور اس کے بعد محلوں اور قلعوں کی دیواروں پر رنگین تصویریں اُبھری ہیں.
ملک کے بعض علاقوں میں سرخ رنگ کے گرد عورتوں کے رقص کی روایت رہی ہے. کہا جاتا ہے جب مندروں پر اونچی ذات کے لوگوں کا قبضہ ہوگیا تو کھیتوں اور کھلیانوں کے قریب ہزاروں چوزوں کی قربانی کے بعد اُن کے لہو کے گرد عورتوں نے رقص کرنا شروع کیا، یہ رقص ہی عبادت بن گیا. وقت کی تبدیلی نے قربانی کا سلسلہ ختم کر دیا. تو سرخ کپڑوں کے گرد رقص شروع ہوگیا. آج بھی جنوبی ہند کے بعض علاقوں میں سرخ کپڑوں کے گرد رقص موجود ہے. بعض تہواروں میں دیوی کی خوشنودی کے لیے ایسے رقص کے مناظر ملتے ہیں. کیرل کے ایک مشہور تہوار کو "کودُن گُّلر KUDUNGALlUR" میں عموماً ایسے رقص پیش کیے جاتے ہیں. پتوں Palm Leaves پر تصویریں بنانے کی روایات بھی بہت پرانی ہیں. تصویریں اُبھارنے کا عمل اتنا مشکل نہ تھا جتنا کہ انھیں مختلف رنگوں سے مزّین کرنے کا عمل مشکل تھا. اڑیسہ میں ان روایات کی خبر پندرھویں صدی سے ملتی ہے. ملک کے دوسرے علاقوں میں بھی اُس کی روایات موجود ہیں. فنکاروں نے سیاہ حاشیوں کے درمیان متحرک اور غیر متحرک تصویروں میں ایک ساتھ کئی رنگوں کو شامل کیا ہے. سیاہ، سبز، سرخ، زرد، اور سفید بنیادی رنگ رہے ہیں. پتوں پر جو زائچے Horoscopes بنائے گئے ہیں اُن میں بھی بعض شوخ رنگوں کا استعمال ملتا ہے. منقش تختوں پر بنی ہوئی تصویروں PANAL Paintings اور دیواری تصویروں (PATA-CITRA) میں رنگوں کا احساس توجہ طلب ہے. مختلف علاقوں کی تصویروں، خاکوں اور رنگوں کے اسالیب مختلف ہیں، لیکن مقامی اسلوب اپنی بنیادی خصوصیات کے ساتھ ہر جگہ موجود ہے. مثلاً اُڑیسہ میں تصویروں اور رنگوں کا ایک ہی اسلوب کینوس میں اُبھرتا رہا ہے. منقش تختوں اور دیواری تصویروں، زائچوں میں لپٹے ہوے کاغذوں یا طوماروں (SCROLLS) میں جو اسلوب ہے وہی نقلی چہروں یا مصنوعی چہروں MAsks، زیورات کے صندوقوں اور دیوی دیوتاؤں کے پیکروں میں ملتا ہے. مٹھوں اور مندروں کی دیواریں بھی بنیادی اسلوب کو نمایاں کرتی ہیں. مصوری اور رنگوں کے فن کا رشتہ انتہائی قدیم روایات، مذہبی تصورات اور اسطوری واقعات سے قائم ہے. اڑیسہ ایسٹ میوزیم میں "گیتا گوبندا" GITA GOVINDA آمارو (AMARU) مادھوا MADHOVA سستاکا SATAKA وغیرہ کے جو منقش رنگین نسخے دیکھے اُن سے تصویروں اور رنگوں کے تعلق سے اپنی قدیم متحرک روایات کی خبر ملی، آمارو کے سینکڑوں اشعار کو پتوں پر تصویروں میں نقش کیا گیا ہے. مصّور کی تخلیقی صلاحیتوں کا جس طرح اظہار ہوا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے، فن کار کے تخیل کی شادابی کے رنگین مناظر جذبات اور عمل میں نمایاں ہوئے ہیں. انتظار، ہم آغوشی، شادی سے قبل معاشقہ، الوداع کہنے کا لمحہ ___یہ غیر معمولی مناظر ہیں جو متحرک پیکروں اور غیر متحرک صورتوں کے رنگوں کو احساس اور جذبے کی علامتیں بنا دیتے ہیں. جے دیو (بارہویں صدی) کی تخلیق "گیتا گوندا" یا گیتا گوندم کے منقش پر نقش گری اور رنگ آمیزی کی روایات کتنی قدیم ہوں گی کہ ایسے رنگین پیکر اُبھرے ہیں. فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور اُن کی تخیل نگاری نے اس فن میں جدتیّں بھی پیدا کی ہیں اور روایات کی نئی تشکیل بھی کی ہے. گیتا گوبندا، کرشن کا نغمہ ہے جس نے اپنی سحر انگیز کیفیتوں سے ہندستانی فنون کو شدت سے متاثر کیا ہے. اُس کا موضوع مختلف علاقوں کے فنکاروں کو بھی عزیز رہا ہے. "اڑیسہ اسٹیٹ میوزیم" میں میں نے جو نسخہ دیکھا وہ اپنی جمالیاتی خصوصیات کے پیش نظر بہت اہم ہے. ایک بڑی بینادی خصوصیت پیکروں اور رنگوں کا تحرک ہے. لکیروں، خاکوں اور رنگوں کی وحدت سے تحرک کی توانائی پیدا ہوئی ہے. جنگوں کے مناظر ہوں یا رادھا اور کرشن کے ملاپ کے مناظر، جانوروں، درختوں، پھولوں اور تالاب کی جھلیوں کے پیکر ہوں یا جمنا کے کنارے گائے اور درختوں پر چڑھتے ہوئے بندروں کی تصویریں؛ تحرک اور تحرک کی توانائی کا جمالیاتی احساس ملنے لگتا ہے. تالاب میں کھلتےِ ہوئے کنول کا جمالیاتی احساس جس طرح پیدا کیا گیا ہے اُس کی مثال آسانی سے نہیں ملے گی، اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ فنکاروں اور فطرت کے پیکروں اور رنگوں کا رشتہ کتنا گہرا اور تہِ دار تھا. اس دستاویز میں فطرت کے تعلق سے نئی تخلیق کا عمل ہر جگہ توجہ طلب بنتا ہے. دو جمالیاتی جہتوں میں عموماً بات کہہ دی گئی ہے. چھوٹے سے کینوس PALM Leaves میں کہانیوں کا منظری بیان ہندستانی جمالیات کی تاریخ میں ایک امتیازی نشان بن جاتا ہے. اگر پتوں پر لکھی ہوئی نظم نہ پڑھی جائے تو یہ رنگین تصویریں نظم بن جاتی ہیں اور جمالیاتی آسودگی عطا کرنے لگتی ہیں. پتوں پر منقّش تصویریں جہاں متھ، روایت اور رسم رواج کے تئیں بیدار کرتی ہیں وہاں اسلوب، تیکنک، موتف، اور رنگوں کے فنکارانہ انتخاب، اور استعمال سے بھی آشنا کرتی ہیں.
دکن میں بیانیہ مصّوری (Narrative Paintings) کی روایت بہت قدیم ہے. نرمدا Narmada اور کرشنا krishna ندیوں کے کنارے قدیم آبادی نے مصوری کی جو روایت قائم کی اُس کا سفر صدیوں میں جاری رہا ہے. قصوّں اور کہانیوں کو مصوری میں بیان کیا جاتا رہا ہے، ابھی حال میں تلنگانہ بیانیہ مصوری کے جو نمونہ دریافت ہوئے ہیں اُن سے اندازہ ہوتا ہے کہ دکن میں روایت کتنی قدیم رہی ہے. رنگوں کا غیر معمولی احساس توجہ طلب بن گیا ہے، مقامی صورتیں تیز تر رنگوں کے ساتھ نمایاں ہیں. "قلم کاری" اور طومار، اور دیوار کا تعلق بہت پرانا ہے. دکن میں طومار SCROLL کو منقش کرنے کا جمالیاتی ذوق رہا ہے. سولہویں صدی کی دیواری تصویروں کے پیچھے ان روایات کو محسوس کیا جاسکتا ہے. روایتی تصویری اظہار کا سلسلہ صدیوں قائم رہا. قدیم بُدھ اور جین آرٹ میں اُسے بڑی اہمیت حاصل ہوئی. برہمنوں نے بھی اس فن کی ترقی میں بڑا حصّہ لیا ہے. پتّ چتر، PATA CHITRAS اور یام پتّ YAMA PAT وغیرہ اسی فن کے نام رہے ہیں. مذہبی اور جمہوری اور سیکولر موضوعات کو منتخب کیا گیا اور انھیں مختلف قصّوں اور کہانیوں میں مختلف پیکروں اور رنگوں سے اجاگر کیا گیا، بہار، راجستھان گجرات، اور بنگال میں یام پتّ اور پتپتّ چترّ کی روایات ملتی ہیں. اساطیری قصوّں کو تصویریں اور اُن کے رنگوں میں پیش کرنے کی ایک طویل داستان مختلف ادوار میں موجود رہی ہے. بیانیہ رنگین تصویریں کپڑوں پر بھی بنائی جانے لگیں. بدھ تانتر اور جین تانتر کے موضوعات خاص طور پر نقش ہونے لگے __زندگی، چکر، حیات و موت، جنت اور جہنم، محنت اور مشقت، جہدوجہد اور قربانی اور دوسرے کئی موضوعات طومار اور کپڑوں پر ملتے ہیں، پرانوں کی کہانیاں بھی مختلف پیکروں اور رنگوں میں اُجاگر ہونے لگیں- طوماروں اور کپڑوں پر جو رنگین تصویریں بنی ہیں وہ اُفقی Horizontal بھی ہیں اور عمودی VERTICAL بھی لیکن عمودی تصویریں زیادہ بنی ہیں. عمودی طوماروں میں کہانی اوپر سے نیچے کی جانب آتی ہے اور اپنے مختلف تیز اور شوخ رنگوں سے متاثرکرتی ہے. اُفقی طوماروں میں تصویریں عموماً دو حصوں میں تقسیم ہیں، جہاں قصّہ یا واقعہ رکتا ہے وہاں عموماً کوئی درخت بنا دیا جاتا ہے. مختلف علاقوں کے فنکاروں نے اپنی روایات کو منت کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا ہے کہ عوامی دل چسپی قائم رہے، واقعات کا انتخاب کرتے ہوئے اپنے قبیلے کے عقائد رسومات اور اپنی ذات Caste کی اسطور کو پیش نظر رکھا ہے. اپنے دیوتاؤں کے نقش اُن کے مخصوص رنگوں کے ساتھ اُبھارے ہیں. طوماروں اور کپڑوں پر سرخ رنگ مرکزی رنگ رہا ہے. عموماً پس منظر بھی سرخ میں اُبھرا ہے. ایسی تمام تصویروں کے پیکروں کے آہنگ میں رنگوں نے نمایاں حصہ لیا ہے. رامائن اور مہابھارت کے واقعات کے شامل ہوتے ہی رنگوں کے تحرک کی اہمیت بڑھ گئی ہے، جس کی کوئی صورت FORM نہیں ہے. عابد اُسے اپنے خیال اور تصوّر سے صورت دے سکتا ہے. یہ صورت آہستہ آہستہ الوہی خصوصیتوں کے ساتھ ذہن پر نقش ہو جاتی ہے اور عابد اپنے تصور کے مطابق اُن کی تصویر بنا دیتا ہے. اس قدیم عقیدے نے دھیان DHYAN کو بڑی اہمیت دی اور یہ بتایا کہ ہر شخص کا اپنا تصور اور خیال ہوسکتا ہے. لہذا صورت اُسی خیال کے مطابق جنم لیتی ہے. صورتوں کے اختلاف کی وجہ یہی ہے کہ مختلف دھیانی مختلف اندازے کسی دیوی یا دیوتا کی صورت کے متعلق سوچتے ہیں. ایک شخص اپنے دھیان کے مطابق فارم یا صورت کی تخلیق کرتا ہے ایک ہی دیوی یا ایک ہی دیوتا کی مختلف صورتیں اسی وجہ سے وجود میں آئیں، اُلوہی خصوصیات کے تعلق سے بھی احساسات مختلف رہے. دھیانی صرف فارم یا صورت ہی خلق نہیں کرتا بلکہ رنگوں کا انتخاب بھی کرتا ہے. دیوی دیوتاؤں کے اپنے بنیادی رنگ پیکروں کا احساس دیتے ہیں. پہاڑی، مصّوری میں دیوی کے جانے کتنے رنگ ملتے ہیں اور یہ "دھیان منتر" کا کرشمہ ہے جو ذہن کو کسی خاص رنگ کی جانب لے جاتا ہے اور عبارت کے بول اور اشلوک سے رنگ پیدا کرتا ہے. کبھی آواز سے رنگ خلق کرتا ہے اور کبھی عبادت کے لمحوں کے نغمے کے آہنگ سے رنگ کا شعور عطا کر دیتا ہے. رفتہ رفتہ مختلف دیویوں اور دیوتاؤں کی تخلیق کے لیے مختلف "دھیان منتر" وجود میں آگئے، پہاڑی مصّوری میں دیوی یا عظیم ماں کے سات رنگ بہت نمایاں ہیں. دیوی، دیوی کے عمل میں تصور کے مطابق خاکہ اُبھرتا ہے اور اُن کی شخصیت کے مطابق رنگ جنم لیتا ہے. عظیم ماں کا رنگ اس دیوی کے رنگ سے مختلف ہے جو صرف کسی کے گھر کا تخفظ کرکے اُس کے گھر کو خوشیاں عطا کرتی ہیں. صبح سے شب تک کے رنگ دیوی کے مختلف پیکروں میں شامل ہیں. صبح کاذب کا رنگ اپنا جلوہ رکھتا ہے، دیوی اس رنگ میں بھی آتی ہے جب روشنی پھیلتی ہے اور صبح اور دوپہر کے درمیان کا رنگ اُبھرتا ہے تو دیوی کا رنگ ہی دوسرا ہو جاتا ہے. اسی طرح دیوی دوپہر، سہ پہر، شام اور رات کے رنگوں کے ساتھ نظر آتی ہے. مختلف اوقات کی دیویوں کے رنگوں میں تخیل اور تخلیقی تخیل کے کرشمہ غیر معمولی نوعیت کے ہیں. شکتی تخلیقی توانائی کا رنگ بکھیر دیتی ہے کہ جن سے پرش PURUSH اور پراکرتی PRAKRITl میں زبردست تحرک پیدا ہو جاتا ہے. اسی طرح مہا لکشمی، مہیشوری اور مہا سرسوتی کے اپنے اپنے رنگ ہیں اور ہر رنگ ایک نغمہ، ایک کہانی ہے سحر انگیز فسانہ ہے. ہر دیوی کا اپنا جمال ہے، اپنا جلوہ ہے. لکشمی نوجوان ہیں. رخسار حد درجہ پرکشش ہیں، لب سرخ ہیں، ابرو کمان کی مانند ہیں، زیوارت پہنے ہوئی ہیں، گول مٹول خوبصورت چہرہ اپنے دلکش بالوں کے ساتھ نظر آتا ہے، سنہرے رنگ کا پیکر ہیں، جو کنول کے خوب صورت تخت پر جلوہ گر ہیں. جب دودھ کے سمندر سے باہر آئیں تو سارے دیوتا اُن کے جمال کو دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئے اور لگے بے اخیتار رقص کرنے! وہ نہا کر آئیں تو وشنو کے وجود میں جذب ہوگئیں اور اپنے وجود کا رنگ لیے وشنو کے وجود کے رنگوں میں شامل ہوگئیں.
وشنو ہر عہد میں عہد کا رنگ لیے آتے ہیں تو لکشمی بھی اپنے جمال کے ساتھ اُن کے قریب ہوتی ہیں. وہ ماں بھی ہیں اور عابدہ بھی. محبوب بھی ہیں اور عاشق بھی! اور اس طرح وہ کئی رنگوں کو لیے ہوتی ہیں. وہ قربانی، شہرت، عظمت، خوشحالی، سب کی علامت ہیں ______ پودوں کے اندر بھی رہتی ہیں اور دھرتی کے نیچے بھی، کھیتوں اور جنگلوں میں بھی ہیں اور نیک کردار لوگوں کی فطرت میں بھی، چاول اور گیہوں کے دانوں میں چھپ کر مسرتیں لٹاتی رہتی ہیں، زرخیزی کی علامت ہیں، کنول کے خوب صورت تخت پر بیٹھی رہتی ہیں، اُن تمام دیویوں کے جلوؤں کے رنگ شامل ہیں. عوامی ذہن نے انھیں غالباً سب سے پہلے کھیتوں میں محسوس کیا تھا، آج بھی عقیدہ ہے کہ وہ اناج کی دیوی ہیں، کھیتوں اور کھلیانوں میں اُن کا رنگ گندمی ہے اور اُن کا نام دھنیا مالی DHANYAMALI ہے. ہندستان کے گاؤں اور دیہاتوں میں اُن کی عبادت دھنیامالی کی صورت میں ہوتی ہے، جو اناج کے وجود اور تخلیق کی ذمہ دار ہیں. کھیتوں کے قریب اُن کے اپنے مندر ہیں. اناج کی کٹائی کے وقت اُن کی عبادت ضروری ہے. دروپدی ماں عموماً محبوب شوہر؛ ارجن کے ساتھ نظر آتی ہیں اور اُن کا بینادی رنگ سرُخ ہے.
پاروتی پہاڑ کی بیٹی ہیں، لہذا اِن کا رشتہ زمین سے ہے وہ دھرتی کی طاقت ہیں، دھرتی کا رنگ اُن کا بینادی رنگ ہے. ‘عقیدہ یہ ہے کہ سب سے پہلے انھوں نے ہی ریت سے "لنگم"بنا کر عبادت کی تھی اور آسمانوں اور زمین کا رشتہ قائم کرکے کائنات کی وحدت کا احساس دیا تھا وہ پودوں اور پھولوں اور جانوروں کی زندگی کی ذمہ دار ہیں. زندگی کی زرخیزی کا انحصار اُن ہی پر ہے. وہی ہر شے میں رنگ بھرتی ہیں! مہیشوری کی صورت اختیار کر لیتی ہیں تو اُن کا رنگ سرخ ہو جاتا ہے.
اتاوارو امواتی دیوی کائنات کے تمام رنگوں کا سر چشمہ ہیں، یہ وہی ہیں جنھوں نے تین انڈے دیے تھے ایک خراب ہوگیا دوسرے میں ہوا بھر گئی اور تیسرے سے تین دیوتاؤں برہما، وشنو، اور شیو، نے جنم لیا. برہما کی پرورش ہلدی اور؛ اُس کے رس سے کی __وشنو کی پرورش مکھن سے اور شیو کو اپنا دودھ پلایا! تین خوب صورت شہر بسائے جن کے گرد کی دیواریں سونے اور کانسی کے رنگ REDISH BEOWN کی تھیں، شہروں کے سیکڑوں دروازے تھے ان میں کمہار، حجام اور دھوبی رہتے تھے، پولر امّا Poleramma کھیتوں کی دیوی ہیں جو آج بھی آندھرا پردیس میں مقبول ہیں، اناج کو اپنا لہو بخشتی ہیں لہٰذا اُن کا بنیادی رنگ سرخ ہے!
سورج کا حسّی پیکر غیر معمولی رہا ہے، وہ جو دن کا پہلا خوب صورت درخت ہے، الوہیت کا سرچشمہ ہے ماضی حال اور مستقبل میں توازن قائم کیے ہوئے ہے، جو فرد کے وجدان اور تخیل کو متحرک کرتا ہے، جس کی کرنوں اور شعاعوں سے زندگی قائم ہے، جو جسم اور روح کی علامت ہے، سات گھوڑوں پر سوار ہے، جو ذہانت اور عقل و دانش کا مرکز ہے، اُس کی آنکھوں کا رنگ شہد کا رنگ ہے، اُس کا چہرہ گہرا سرخ ہے، کائنات کے تمام رنگ اسی کی دین ہیں. گیاتری منتر سے اُس کی خصوصیات روشن ہو جاتی ہیں اور فرد پر رحمتوں کی بارش ہونے لگتی ہے.
مندروں کی دیواروں کو سجانے اور پیکروں اور رنگوں سے پرکشش بنانے کی قدیم روایت "قلم کاری" KALAMKARRI آج بھی زندہ ہے. مچھلی پٹم کی قلم کاری کا اپنا منفرد اسلوب رہا ہے، مرتعش رنگوں Vibrant Colors کو لیے ہوئے اساطیری اور مذہبی واقعات اور کردار اپنے جلوؤں کو نمایاں کرتے ہیں، فنکاروں نے فطرت کے حسن و جمال اور احساس جمال میں ایک معنی خیز رشتہ قائم کر دیا تھا، اس عوامی فن میں درخت، پودے، پھول، سورج، چاند، بادل وغیرہ بینادی پیکر بنے رہے ہیں. دھرتی کی خوشبو مختلف اساطیری، روایتی اور مذہبی کرداروں میں پھیل رہی ہے، سبزیوں سے مختلف قسم کے رنگ بنائے جاتے اور مرتعش سرخ، سیاہ اور سبز رنگوں سے تصویروں کو پر کشش بنانے کی کوشش کی جاتی ہے. مچھلی پٹم کی "قلم کاری" کا اسلوب "سری کلا ہاستی" ( SRI KALAHASTI) کی قلم کاری کے اسلوب سے مختلف رہا ہے. سری کلا ہاستی اسلوب میں علامتوں کی اہمیت زیادہ رہی ہے. موضوعات کے انتخاب کے لیے اس اسلوب کے فنکار رزمیہ قصوں اور کہانیوں سے قریب رہے ہیں. مقامی رزمیہ قصّوں کے موتف کا استعمال زیادہ ملتا ہے. اس اسلوب کا تقاضا رہا ہے کہ پینل (PANELS) اور کینوس پھیلے ہوئے ہوں تاکہ علامتوں کے ذریعے واقعات کی تفصیل پیش کی جاسکے. سری کلا ہاستی کے فنکاروں نے کپڑوں پر اپنے فن کا مظاہرہ زیادہ بہتر کیا ہے اس لیے کہ کپڑے موضوعات اور واقعات کے تعلق سے زیادہ بہتر "پینل" اور "کینوس" ثابت ہوئے ہیں. "مچھلی پٹم" کی قلم کاری میں ساحلی علاقوں کے موضوعات زیادہ اہمیت رکھتے ہیں. لوک کہانیوں اور اُن کے کردار کو پیکروں اور رنگوں کے تحرک میں نمایاں کرنے میں مچھلی پٹم کے فنکار پیش پیش رہے ہیں. پرندوں کے پیرَ مختلف رنگوں میں ملتے ہیں. آبی پرندوں کو پیش کرتے ہوئے فنکاروں نے اپنی ذات کا اظہار جس شدت سے کیا ہے وہ توجہ طلب ہے، پرندے اکثر ذات کے پیکر بن گئے ہیں کپڑوں پر تصویریں بنانے سے قبل کافی محنت درکار تھی، عموماً کپڑوں کو دودھ اور پھٹکری سے دھویا جاتا. رنگوں کی تیاری میں بھی بہت محنت کی جاتی مثلاً سیاہ رنگ کے لیے لوہے پر چڑھتے ہوئے زنگ( RUST) اور پھٹکری کی مدد لی جاتی.
تردپتی، تانجور اور مچھلی پٹم کی قلم کاری کے قدیم نمونے رنگوں کے تئیں عوامی بیداری کا بینّ ثبوت ہیں.
مدھو بنی آرٹ میں قدیم قصوں اور کہانیوں کے واقعات ملتے ہیں. موضوعات علامتوں میں جلوہ گر ہوئے ہیں. اساطیری اور مذہبی واقعات اور کردار اہمیت رکھتے ہیں. اُن کی وجہ سے اس فن کا رشتہ قومی تمدن سے قائم ہوجاتا ہے. معمولی قسم کے برّش تیار کیے جاتے اور مٹی کی کچی دیواروں پر تصویریں بنا کر ان میں رنگ بھرے جاتے، عوامی فن کا حقیقت پسندانہ رحجان پیکروں اور اُن کے عمل میں نمایاں ہے، انسان، پیڑ، پودے اور جانور اپنی حقیقی صورتوں میں ملتے ہیں، رَقص ایک بینادی موضوع ہے، عوامی ذہن نے جسم کے تحرک کو بڑی اہمیت دی ہے، مختلف قسم کی لکیروں سے تحرک کو پیش کیا گیا ہے، عموماً پودے اور درخت بھی رقص کی کیفیت میں نظرآتے ہیں، کنول منڈل کی صورت میں ملتا ہے، جو انسان اور آفتاب دونوں کی علامت بن جاتا ہے. کنول کی تصویر میں دو آنکھیں بنادی جاتی ہیں اور آفتاب اور انسان دونوں کے تاثرات پیدا کر دیے جاتے ہیں، رنگوں میں سرخ، زرد، سیاہ اور سفید بینادی رنگ ہیں. متھلا کی عوامی تصویر نگاری میں لڑکیوں اور عورتوں کا بہت بڑا حصہ رہا ہے، بچپن سے ہی لڑکیوں کی تربیت میں حصہ لیا جاتا ہے تاکہ وہ فنکاری کے بہتر نمونے پیش کرسکیں – "کوہبر"(شبِ عروسی کا کمرہ) ایک بینادی موضوع ہے، پہلی نظر میں اس بات کی پہچان ہوجاتی ہے کہ” تانتر" کی علامتوں کو اس موضوع کے اظہار کے لیے ضروری سمجھا گیا ہے. لنگم مرکزی علامت ہے جو یونی کے دائرہ حسن میں جذب ہے، "یونی" کے لیے کھلاَ ہوا کنول عام علامت ہے.
” کوہبر" کی تصویریں تخلیق، تسلسل، تخلیق اور حسن تخلیق کو پیش کرتی ہیں. ایسی دیواری تصویریں اپنی مثال آپ ہیں، ہر گھر کی دیوار، زندگی اور تخلیق حسن اور لذت کے تعلق سے سرگوشیاں کرتی ہیں، دنیا کے آرٹ کی تاریخ میں کہیں ایسی مثال نہیں ملتی.
لڑکیاں کوہبر (شبِ عروسی کا کمرہ) کی جو تصویریں بناتی ہیں انھیں عموماً ان لڑکوں کو پیش کیا جاتا ہے، جن سے رشتہ قائم کرنے کی خواہش ہوتی ہے. یہ تصویریں دراصل "شادی" کی تجویزیں ہوتی ہیں. جب شادی طے ہو جاتی ہے تو "کوہبر" سجایا جاتا ہے، شبِ عروسی کے لیے جس کمرے کو منتخب کیا جاتا ہے اُسے تصویروں سے نکھار دیا جاتا ہے. شیو، پاروتی، رادھا اور کرشن کے علاوہ دیوی دیوتاؤں کے ایسے پیکر بھی ملتے ہیں جو حفاظت اور تحفظ کے احساس کو بڑھاتے ہیں. شیو اور درگا، مرکزی پیکر ہیں جو مرد اور عورت کے وجود کی وحدت کے تئیں بیدار کرتے ہیں. ابدی نسوانی توانائی کے تاثر کو عموماً گھومتے ہوئے چھ زاویوں میں پیش کیا جاتا ہے، کائنات کے ابدی کھیل "لیلا" کے مناظر کو کپڑوں اور دیواروں پر طرح طرح اُبھارا جاتا ہے، عوامی ذہن نے اس "عظیم التباس" کے حسن و جمال کو یقیناً ایک اعلیٰ ترین سطح پر محسوس کیا تھا جہاں شیو کی شکتی کی جمالیاتی وحدت عظیم تر نمونہ ہے. وقت کے ساتھ علامتوں کی صورتیں بھی تبدیل ہوتی رہی ہیں. کرشن بھگتی کی وجہ سے شیو کی جگہ کرشن نے لے لی اور درگا کی جگہ رادھا نے، لنگم کرشن کی بنسری میں تبدیل ہوگیا.
مدھوبنی اور متھیلا کے فنون، بینادی طور پر کسانوں اور اُن کے گھروں کے فنون رہے ہیں، کسان مرد اور عورتیں اپنی تصویروں کے لیے عام رنگوں کا انتخاب کرتی تھیں. سیاہ سرخ اور زرد رنگوں کے بنانے کے اپنے طریقے تھے، کالک سے سیاہ، سرخ مٹی سے سرخ اور گہرے پیازی پھولوں سے زرد رنگ بناتے _____رنگوں کی تیاری میں دودھ کا استعمال کرتے، رفتہ رفتہ مختلف قسم کے پھولوں اور سبزیوں اور نیل (Indigo) [نیلے رنگ کے لیے] سنکھیا( Arsenic) [زرد رنگ کے لیے] اور صندل کی لکڑیوں [نارنجی رنگ کے لیے] سے مدد لی جانے لگی، شیو اور کرشن کے لیے نیلے رنگ کو منتخب کیا جاتا ہے. کالی کے لیے سیاہ، شیو سرخ رنگ میں بھی پیش کیے جاتے ہیں.
عوامی رقص میں رنگوں کی بڑی اہمیت رہی ہے، نقلی چہروں اور مصنوعی صورتوں کے لیے رنگوں کو ہمیشہ اہمیت دی گئی ہے. "کتھا کلی" میں آج بھی مصنوعی چہروں اور اُن کے رنگوں کو نمایاں حیثیت حاصل ہے. کتھا کلی __تمثیل ہے کہ جس کی روایت جانے کب سے قائم ہے. رنگ برنگے کپڑوں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور چہروں پر مختلف قسم کے رنگوں کو اُبھارا جاتا ہے. اس رقص میں” نرَت" (NRITTA) یعنی”اظہاری رقص" اور ناٹیہ (NATYA) یعنی "نِرِت" اور "نرتیہ" کی وحدت کے ساتھ ڈرامائی رقص تینوں "ابھینے" (ABHINAYA) کے ذریعے سامنے آتے ہیں اور "ابھینے" مختلف قسم کے رنگوں کو لیے واقعات اور تاثرات کے رنگوں کو بکھرتا رہتا ہے. جسم اور چہرے کے معنی خیز اشارے زبان بن جاتے ہیں، رقاص رنگوں کا پیکر ہوتا ہے، ہاتھوں، آنکھوں، ابرؤں، ہونٹوں، اور پاؤں سے اُس کے اشارے رنگوں کی مانند بکھرنے لگتے ہیں. "میک اپ" کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، لہٰذا ان کی مختلف قسمیں ہیں. "کٹّی(KATTI)"، منیکو (MINUKKU)، کاری (KARI)، ٹاڈی( TADI)، پاچھا (PACHA) وغیرہ. سبز رنگ الوہیت کی علامت ہے، سفید روحانیت کی، سرخ آرزو امید، خواہش اور تمنا کی اور سیاہ مکروہ خیالات کی. رنگوں کے پیشِ نظر جو "میک اپ" ہوتا ہے اس کی منعویت بھی توجہ طلب ہے، مثلاً پاچھا PACHA میں وہ رنگ شامل ہیں جو شجاعت جواں مردی اور بہادری کو نمایاں کرتے ہیں، اسی طرح کٹیّ KATTI میں وہ رنگ ہیں جو مکروہ کرداروں اور اُن کے ناپاک ارادوں کو پیش کرتے ہیں. کاری Kari مضحکہ خیز پیکروں کے لیے ہیں اور منیکو (MINUKKU) باعزت اور پروقار اشخاص کے لیے _____ان سے کلاسیکی اور عوامی رقص میں رنگوں کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے.
ماخذ: ہندوستانی جمالیات، جلد نمبر ایک، صفحہ نمبر 117سے لے کر 174 تک
***
آپ یہ بھی پڑھ سکتے ہیں :شعری و ادبی جمالیات : مفہوم و طریقۂ کار
رنگ اور رنگولی کی جمالیات
شیئر کیجیے